اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا جوہری ہتھیاروں کے تجربات فوری ختم کرنے کا مطالبہ
نیویارک(29 اگست 2026): اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں کے تمام تجربات کا سلسلہ فوری طور پر بند کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک اہم بیان میں انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ جوہری تجربات ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کو تباہ کر دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں کی نئی دوڑ کو ہوا دیتے ہیں، اور ان معاشروں کے ساتھ صریح غداری کے مترادف ہیں جو آج بھی ماضی میں کیے گئے جوہری تجربات کے ہولناک نتائج بھگت رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے تمام جوہری طاقتوں اور ہتھیار رکھنے والی ریاستوں پر دوٹوک الفاظ میں زور دیا کہ وہ جوہری تجربات پر عائد موجودہ پابندیوں کی مکمل پاسداری کریں اور جوہری تجربات پر پابندی کے عالمی معاہدے(سی ٹی بی ٹی) پر غیر مشروط عمل درآمد یقینی بنائیں۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئیے ایک بار پھر جوہری تجربات کے مکمل خاتمے کے اپنے عزم کا پختہ اعادہ کریں۔