سانحہ پمز کی ابتدائی انکوائری رپورٹ میں اعلیٰ افسران کو عہدوں سے ہٹانے کی سفارشات سامنے آگئیں
اسلام آباد(29 اگست 2026): وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے سانحے سے متعلق ابتدائی انکوائری رپورٹ پیش کر دی گئی ہے، جس میں اسپتال کے اعلیٰ حکام کو غفلت کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔
سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان کی سربراہی میں قائم ہونے والی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر عمران سکندر سمیت دس افسران اور متعلقہ عملے کو فوری طور پر ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے۔ان کارروائی کی زد میں آنے والے افسران میں پمز کے ٹاپ پانچ اعلیٰ افسران بھی شامل ہیں۔
کمیٹی ذرائع کے مطابق ان افسران اور عملے نے اپنے فرائض کی انجام دہی میں شدید غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا۔ اس رپورٹ میں موجودہ قائم مقام سیکرٹری کی تجاویز و سفارشات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔