دہلی میں انسانیت سوز واقعہ: چلتی بس میں 16 سالہ لڑکی مبینہ اجتماعی زیادتی کا شکار
نئی دہلی(31 اگست 2026): بھارتی دارالحکومت دہلی میں دن دھاڑے پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں سولہ سالہ لڑکی کو چلتی بس میں مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا ہے۔
دہلی پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی مبینہ طور پر غلط اسٹاپ پر اترنے کے بعد مدد کی تلاش میں ایک نجی بس میں سوار ہوئی تھی، جہاں موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹر نے اسے یرغمال بنا لیا اور چلتی بس میں زیادتی کا نشانہ بنایا۔
گھناؤنے جرم کے بعد ملزمان متاثرہ لڑکی کو دہلی کے مصروف علاقے کشمیری گیٹ کے قریب سڑک پر چھوڑ کر فرار ہو گئے، نیم بے ہوشی کی حالت میں متاثرہ لڑکی نے اپنے خاندان کو اطلاع دی، جس کے بعد وہ موقع پر پہنچے اور اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ گریٹر نوئیڈا کے پری چوک سے دہلی کے کشمیری گیٹ تک کے تقریباً 47 کلومیٹر کے طویل سفر کے دوران یہ گھناؤنا فعل انجام دیا گیا۔ بس کی کھڑکیوں پر پردے ہونے کی وجہ سے باہر کے لوگوں کو اندر ہونے والی صورتحال کا پتہ نہیں چل سکا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ جرم میں استعمال ہونے والی بس کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید قانونی تحقیقات جاری ہیں۔