امریکا کو تمام معاشی نقصانات کا ازالہ کرنا ہوگا، ایرانی وزیر خارجہ
تہران (27 اگست 2026): ایران نے بدھ کے روز کہا کہ امریکا پر اس کی یک طرفہ پابندیوں سے ہونے والے نقصانات کی بین الاقوامی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور اسے مکمل معاوضہ ادا کرنا ہوگا، جس میں سابقہ حالت کی بحالی اور تلافی بھی شامل ہیں۔
اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کو بھیجے گئے ایک پیغام میں وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی اقدامات کو ’’اقتصادی دہشت گردی کی مہم‘‘ قرار دیا، جو یک طرفہ جبری اقدامات کے ذریعے چلائی جا رہی ہے۔ انھوں نے لکھا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت یہ اقدامات غیر قانونی ہیں۔
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے IRIB کے مطابق عراقچی نے کہا ’’اسلامی جمہوریہ ایران جواب دہی، معاوضے اور تدارک کے حصول کے لیے تمام دستیاب ذرائع اختیار کرنے، اور ان غیر انسانی اور غیر قانونی اقدامات کے مرتکب افراد کو جواب دہ ٹھہرانے کا اپنا حق محفوظ رکھتا ہے۔‘‘
انھوں نے کہا کہ امریکی مہم ’’بین الاقوامی ذمہ داری کو جنم دیتی ہے، جس میں بین الاقوامی قانون کے مطابق تمام مادی اور اخلاقی نقصانات کا مکمل معاوضہ ادا کرنے کی ذمہ داری بھی شامل ہے، جس میں سابقہ حالت کی بحالی اور تلافی شامل ہیں۔‘‘عراقچی نے مزید کہا کہ امریکا پر ’’مکمل بین الاقوامی ذمہ داری‘‘ عائد ہوتی ہے اور اگر متعلقہ قانونی نکات ثابت ہو جائیں، تو اسے ’’ایران کے عوام کو پہنچنے والے نقصان اور غیر قانونی اور مجرمانہ اقدامات‘‘ کے نتائج کے لیے انفرادی فوجداری ذمہ داری کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے