جاپان: 400 ٹن وزنی تاریخی محل کو انسانی ہاتھوں سے کھینچ کر اصل جگہ منتقلی!
ٹوکیو (27 اگست 2026): جاپان میں 400 ٹن وزنی تاریخی محل کو ہزاروں افراد نے رسیوں کی مدد سے کھینچ کر دوسری جگہ منتقل کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ انوکھا کارنامہ جاپان کے شمالی صوبے اوموری کے شہر ہیروشاکی میں انجام دیا گیا جہاں موجود تاریخی قلعے کے تقریباً 400 ٹن وزنی ٹاور کو رسیوں کے ذریعے واپس اس کی اصل جگہ کی جانب منتقل کیا گیا۔
محل کو اس کی اصل جگہ منتقل کرنے کے لیے شہریوں نے خصوصی تقریب میں حصہ لیا۔ تقریب میں قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کیے گئے تقریباً چار ہزار افراد نے مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا اور ایک ہزار افراد پر مشتمل گروپ نے قلعے سے جڑی موٹی رسیوں کو ایک میٹر تک کھینچا۔
مذکورہ تاریخی محل کو 2015 میں پتھروں کی دیواروں کی مرمت کے لیے اپنی اصل جگہ سے منتقل کیا گیا تھا۔
اس تاریخی اقدام کا بنیادی مقصد محل کو پانچ میٹر اس کی سابقہ پوزیشن کی جانب منتقل کرنا تھا جسے جاپان میں ثقافتی ورثے کے تحفظ کی ایک منفرد مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ہیروشاکی قلعہ جاپان کے اہم تاریخی مقامات میں شمار ہوتا ہے اور اس کا موجودہ ٹاور جاپان کے شمالی ترین موجودہ قلعہ ٹاور کے طور پر بھی نمایاں ہے۔ یہ ٹاور جاپان کے اہم ثقافتی ورثے میں شامل ہے۔