ایران نے خارگ جزیرے سے متعلق ٹرمپ کی پوسٹ مضحکہ خیز قرار دے کر مسترد کردی
تہران(31 اگست 2026): ایران کی نیشنل آئل کمپنی کے چیف ایگزیکٹو حمید بُوارد نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کی جانے والی سوشل میڈیا پوسٹ کو مضحکہ خیز قرار دے کر سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
حمید بُوارد نے واضح کیا کہ خارگ جزیرے پر حالات بالکل پُرسکون ہیں اور وہاں تیل کی تمام سرگرمیاں اور ترقیاتی منصوبے کسی بھی تعطل کے بغیر معمول کے مطابق جاری ہیں۔
انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ جزیرے پر جاری کسی بھی کام کو روکا گیا ہے، اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ علاقے میں تیل سے متعلق آپریشنل امور بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر مصنوعی ذہانتسے تیار کردہ ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی، جس میں تیل کی ایک بڑی تنصیب کو دھماکے کے بعد آگ کی لپیٹ میں جلتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
ٹرمپ نے اس ویڈیو کے کیپشن میں دعویٰ کیا تھا کہ خارگ جزیرے کو مکمل طور پر زمیں بوس کیا جا رہا ہے۔
یہ اے آئی ویڈیوز اور بیانات اس وقت سامنے آئے جب امریکی فورسز کی جانب سے مبینہ طور پر خارگ جزیرے پر ایرانی میزائل لانچ کرنے والے دو مقامات کو نشانہ بنایا گیا تھا، جو کہ ایران کی اہم ترین تیل تنصیبات کا حامل خطہ مانا جاتا ہے۔