4 سال بعد پیدا ہونے والے بیٹے کے کان میں اذان دی، نام بھی رکھا تھا، والد ادریس
اسلام آباد (27 اگست 2026): پمز اسپتال میں آتش زدگی کے باعث جاں بحق ہونے والے ایک نومولود بچے کے والد ادریس خان نے بتایا ہے کہ ان کے بیٹے کی پیدائش گزشتہ روز فجر کے وقت ہوئی تھی، اور انھوں نے بیٹے کے کان میں اذان دی، اور پھر اس کا نام بھی رکھا۔
انتہائی غم زدہ باپ ادریس خان نے بتایا کہ ان کے ہاں 4 سال بعد پیدا بچہ پیدا ہوا تھا، وہ بھی بیٹا، انھوں نے کہا میں نے عملے سے کہا کہ ڈاکٹر نے کہا ہے کہ بچے کو نرسری میں رکھنے کی ضرورت نہیں، لیکن مجھے کہا گیا کہ بچے کو 2 ڈھائی گھنٹے نرسری میں رکھنا پڑے گا۔
نومولود کے والد نے کہا جب میں بچے کو لینے گیا تو دیکھا کہ نرسری کے گیٹ پر تالا پڑا تھا اور اندر سے دھواں نکل رہا تھا، افراتفری کا عالم تھا اور نرسری کے گیٹ پر کوئی عملہ موجود نہیں تھا۔
ادریس خان نے بتایا ہم نے خود ہی کھڑکیاں توڑیں اور پھر تالا توڑنے کی کوشش کی، جب آگ لگی ہوئی تھی تو فائر بریگیڈ اور کوئی بھی عملہ موجود نہیں تھا، آدھے گھنٹے سے زائد دیر سے فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیم پہنچی، لیکن جب تک ریسکیو ٹیمیں آتیں، بچے آگ سے جھلس چکے تھے۔