سی آئی اے چیف کی روس کو سنگین نتائج کی دھمکی
ماسکو(28 اگست 2026): امریکی انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے چیف جان ریٹکلف نے روسی حکام کو خبردار کردیا۔
امریکی انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے چیف جان ریٹکلف نے ماسکو کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے روسی حکام کو خبردار کیا ہے کہ نیٹو پر کسی بھی حملے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق، اس دورے کا مقصد روس کو نیٹو کے خلاف کسی بھی ممکنہ جارحیت سے باز رکھنا تھا۔
کریملن کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ جان ریٹکلف نے ماسکو میں روسی انٹیلی جنس حکام کے ساتھ اہم ملاقاتیں کیں، تاہم اس دورے کے دوران سی آئی اے چیف کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے کوئی ملاقات طے نہیں تھی۔
ترجمان نے بتایا کہ ریٹکلف کے ماسکو میں ہونے والے ان مذاکرات کی تفصیلات سے فوری طور پر صدر پیوٹن کو بھی بریفنگ دی گئی۔
سی آئی اے چیف کے اس دورے سے قبل امریکی انٹیلی جنس اداروں نے ایک خصوصی جائزہ رپورٹ تیار کی تھی جس میں روس کی جانب سے ممکنہ خطرات کا احاطہ کیا گیا تھا۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ صدر پیوٹن مغربی اتحاد یعنی نیٹو کے عزم اور صلاحیت کو آزمانے کے لیے کوئی محدود قدم اٹھا سکتے ہیں، جس میں ہدف بنائے گئے سائبر حملے یا کسی خطے میں محدود پیمانے کی زمینی کارروائی شامل ہو سکتی ہے۔