ایران نے امریکی اقتصادی پابندیوں کو معاشی دہشت گردی قرار دے دیا
تہران(28 اگست 2026): ایرانی وزارت خارجہ امریکی اقتصادی پابندیوں کو معاشی دہشت گردی قرار دے دیا۔
ایرانی وزارت خارجہ نے امریکا کی جانب سے عائد کردہ اقتصادی پابندیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’معاشی دہشت گردی‘ اور ’ریاستی دہشت گردی‘ کی نئی لہر قرار دیا ہے۔ تہران کی جانب سے تمام ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ امریکی یکطرفہ پابندیوں کے نفاذ سے مکمل گریز کریں۔
ایرانی وزارت خارجہ کا مؤقف ہے کہ ڈالر کو بطورِ آلہ استعمال کرنا دیگر اقوام کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
تہران کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں نہ صرف اقوام متحدہ کے چارٹر، ریاستوں کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت اور عالمی تعاون کے اصولوں کے منافی ہیں، بلکہ یہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں بھی آتی ہیں۔
بیان میں اس بات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی مبینہ بے حسی نے عالمی سطح پر لاقانونیت اور جرائم کو فروغ دیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ اس قسم کے رویے اور اقدامات کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے، جو پوری انسانی تہذیب کو غیرمعمولی خطرے سے دوچار کر سکتے ہیں۔