چار ہاتھوں اور چار ٹانگوں والے بچے کی پیدائش، دیکھنے کے لیے عوام امڈ آئے
(28 اکتوبر 2026): خاتون نے بیٹے کو جنم دیا ہے جس کے چار ہاتھ اور چار پاؤں ہیں عجیب الخلقت بچے کو دیکھنے کے عوام کا ہجوم اسپتال امڈ آیا۔
اس عجیب الخلقت بچے کی پیدائش بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے لواکش نگر میں ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 29 سالہ خاتون نیتا کو ڈیلیوری کھے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں اس نے ایک بچے کو جنم دیا، جس کا وزن تقریباً 6 پاؤنڈ تھا، لیکن پیدائش کے بعد بچے کی ہئیت دیکھ کر اسپتال کا عملہ اور زچہ اور خاندان حیران رہ گیا۔
نومولود کا سر ایک لیکن ہاتھ اور پیروں کی تعداد چار چار تھی۔ بچے کے سینے کے اوپری حصے اور پیٹ سے ایک اضافی جسمانی ساخت جڑی ہوئی دکھائی دی، جس کے اپنے بازو اور ٹانگیں ہیں۔
اس حوالے سے اسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ ہیٹروپیگس پیدائشی نقص (Heteropagus Congenital Defect) کا معاملہ ہوسکتا ہے، جسے پیراسیٹک ٹوئننگ (Parasitic Twinning) بھی کہا جاتا ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق اس حالت میں جڑواں بچوں میں سے ایک کی نشوونما مکمل نہیں ہو پاتی اور وہ مکمل طور پر نشوونما پانے والے دوسرے بچے کے جسم سے جڑا رہ جاتا ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچے کی اس حالت کی اصل نوعیت اور اضافی جسمانی اعضا کے اندرونی تعلقات کا تعین ماہرین کے معاینہ اور مختلف طبی اسکین کے بعد ہی ممکن ہوگا۔
ماں اور بچے کو ابتدائی طور پر لوا کش نگر کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں زیرِ نگرانی رکھا گیا، جس کے بعد انہیں چھترپور ضلع اسپتال منتقل کیا گیا۔
اب نومولود کو مزید جانچ اور علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے جبل پور میڈیکل کالج منتقل کیا جائے گا۔
ماہرین بچے کے خون کی گردش، ہڈیوں، خون کی نالیوں اور اضافی جسمانی اعضا کے اندرونی اعضا سے تعلق کا جائزہ لیں گے۔ اور تفصیلی معائنے کے بعد طے کیا جائے گا کہ آیا اس کی سرجری ہو سکتی ہے یا نہیں۔
دوسری جانب اس حیرت انگیز بچے کی پیدائش کی خبر جنگل کی آگ کی طرح علاقے میں پھیل گئی اور لوگوں کا ہجوم اس کو دیکھنے کے لیے اسپتال کے باہر امڈ آیا۔