پمز اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے پر انتظامیہ کی مبینہ غفلت سامنے آگئی
اسلام آباد: پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر انتظامیہ کی مبینہ غفلت سامنے آگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ فائر سیفٹی انتظامات مکمل نہ ہونے پر ایم سی آئی کے فائر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے آگاہ کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی ایم ایس کو فائر سیفٹی خامیوں پر 2018 سے مسلسل نوٹس جاری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پمز انتظامیہ کو متعدد بار آگاہ کیا گیا تھا، مگر انتظامیہ نے اس جانب توجہ نہیں دی۔
ذرائع کے مطابق فائر سیفٹی کے حوالے سے پمز انتظامیہ کو بارہا اصلاح اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں، فائر سیفٹی آڈٹ میں سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنے کیلئے انتظامیہ کو متعدد بار متنبہ کیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں پمز میں فائر پریوینٹیو، فائر پروٹیکشن، لائف سیفٹی آلات کی تنصیب مکمل نہ ہونے کی نشاندہی کی گئی، فائرسیفٹی سسٹم کی دیکھ بھال، 24 گھنٹے آپریشن کیلئے ماہر عملہ تعینات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق پمز اسپتال انتظامیہ کو فائر سیفٹی پلانز کی منظوری اور ضروری این او سی حاصل کرنے کی ہدایت کی جاتی رہی، پمز انتظامیہ کو فائر سیفٹی کمپلیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
ملازمین، اسٹاف، اسپتال میں موجود افراد کیلئے فائر سیفٹی اور بلڈنگ ایویکیوشن ٹریننگ کرانے کی ہدایت کی گئی، فائر ایمرجنسی کی صورت میں تیاری جانچنے کیلئے باقاعدہ ڈرلز اورایمرجنسی مشقیں کرانے کی کی بھی ہدایت کی گئی۔