صدر مملکت اور وزیراعظم کی 12 ربیع الاول پر قوم کو مبارکباد
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے 12 ربیع الاول کے پر مسرت موقع پر قوم اور عالمِ اسلام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ 12 ربیع الاول پروردگار عالم کی عظیم نعمت، ہدایت کی یاد تازہ کرنے کا دن ہے۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ آمد سرور کائنات نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایمان، علم، عدل و انصاف کے روشن دور کا آغاز تھی، رسول اکرم ﷺ کا اسوہ حسنہ فلاح اور نجات کا کامل راستہ ہے۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تقاضا ہے کہ سیرتِ طیبہ اور سنتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی اور تعلیمات انسانیت کے لیے ہدایت کا دائمی سرچشمہ ہیں، اس سے ہمیں ہمدردی، انصاف، رواداری، اتحاد اور دوسروں کی خدمت کی دعوت ملتی ہے۔