کراچی میں بڑی واردات، پلمبرز کے بھیس میں ڈاکوؤں نے گھر سے 16 تولہ سونا لوٹ لیا
کراچی: شہر قائد کے علاقے جوہر آباد، آصف نگر میں ایک بڑی واردات ہوئی ہے، جس میں پلمبرز کے بھیس میں ڈاکوؤں نے گھر سے 16 تولہ سونا لوٹ لیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق متاثرہ شخص نے جوہر آباد تھانے میں واردات کی درخواست جمع کرائی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 2 ڈاکوؤں نے پلمبنگ کے بہانے گھر میں داخل ہو کر 16 تولہ سونا، اور 50 ہزار روپے لوٹ لیے۔
متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ واردات کے وقت گھر میں خواتین اور بزرگ والدین موجود تھے، پلمبر بن کر آنے والے ڈاکوؤں نے گھر کا صفایا کر دیا۔
ڈاکوؤں کے گھر میں داخل ہونے اور فرار ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے، جس میں ڈاکوؤں کو پلمبنگ کے بہانے گھر میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، فوٹیج میں دونوں کے چہرے بھی واضح ہیں۔
واردات کے بعد دونوں ڈاکو گھر سے باہر نکل کر فرار ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ واردات کے حوالے سے تفتیش کر رہے ہیں۔