21 سالہ نرس زیادتی کے بعد قتل
حیدرآباد: بھارت کے حیدرآباد میں پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن کے حدود واقع تکہ گوڑہ میں 21 سالہ نرس کو زیادتی کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے معاملہ کی تحقیقات کرتے ہوئے بہار سے تعلق رکھنے والے ثناء اللہ کو گرفتار کرلیا جس نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔
پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مقتولہ کا تعلق بھدرادری کوتہ گوڑم ضلع سے تھا۔ وہ تقریباً سات ماہ قبل مہیشورم آئی تھی اور ایک اسپتال میں نرس کی حیثیت سے ملازمت حاصل کرنے کے بعد وہیں ایک کمرے میں رہائش اختیار کرلی تھی۔
دوپہر کے وقت نرس اپنے کمرے میں گئی لیکن کافی دیر تک واپس نہیں آئی۔ کمرے کا دروازہ اندر سے بند ہونے پر ساتھیوں کو شبہ ہوا۔ کھڑکی سے دیکھا گیا تو نرس فرش پر پڑی ہوئی تھی۔ دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے پر وہ مردہ پائی گئی۔
پولیس نے لاش کا معائنہ کیا تو جسم پر زخموں کے نشانات پائے گئے۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا کہ نرس کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا ہے۔