ایس ایس راجامولی کی فلم 'وارانسی': مہیش بابو کے کردار 'رودرا' کی لُک نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی
عالمی شہرت یافتہ ہدایت کار ایس ایس راجامولی نے اپنی نئی ایکشن فلم 'وارانسی' سے مہیش بابو اور پرتھوی راج سوکمارن کے کرداروں کا اعلان کر دیا۔
بھارتی سینما کے مایہ ناز ہدایت کار ایس ایس راجامولی نے اپنی انتہائی متوقع میگا بجٹ فلم 'وارانسی' (Varanasi) کی کہانی اور اہم کرداروں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ اس فلم میں سپر اسٹار مہیش بابو 'رودرا' نامی ایک مضبوط اور طاقتور کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ ان کے مدِمقابل ملیالم اداکار پرتھوی راج سوکمارن ایک جدید ٹیکنالوجی جینیئس 'کُمبھا' کے روپ میں نظر آئیں گے۔ ایس ایس راجامولی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مہیش بابو کا یہ کردار جذباتی، حساس اور انتہائی طاقتور ایکشن سے بھرپور ہے۔ اس بین الاقوامی سطح پر تیار کی جانے والی فلم کی عکسبندی جاری ہے اور اسے 2027 کے آغاز میں دنیا بھر میں متعدد زبانوں میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ فلم کے اس پوسٹر اور تفصیلات نے دنیا بھر کے فلمی شائقین میں زبردست تجسس پیدا کر دیا ہے۔